اڈوپی,کرناٹک:17/مئی (یواین آئی) بچوں کو لانے والی اسکول کی گاڑیوں کو چاہئے کہ وہ لازمی طور پر حکومت کے اصولوں پر عمل کریں تاکہ بچوں کی سلامتی اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔ گاڑی مالکین ' ڈرائیورس اور تعلیمی اداروں کے لئے یہ لازمی ہے۔ڈپٹی کمشنر اڈوپی ضلع پرینکا میری فرانسیس نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے گاڑی مالکین ' ڈرائیورس ' تعلیمی اداروں کے سربراہوں ' ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر' محکمہ تعلیم کے افسروں ' پولیس کے افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکول کی گاڑیوں کی انشورنس پالیسی ' فٹنس ریکارڈ ' ابتدائی طبی امداد کی دواوں کے ڈبے ' ایمرجنسی دروازے ' حادثات کی صورت میں سلامتی کے اصول ہونے چاہئے۔ ان گاڑیوں کا رنگ زرد ہونا چاہئے اور اس پر 4مقامات پر اسکول کی گاڑی تحریر ہونی چاہئے۔گاڑیوں میں اسپیڈ ریگولیٹرس کی بھی ضرورت ہے اور گاڑیوں کو بہتر حالت میں رکھا جاناچاہئے۔ اسکول کی گاڑیوں میں صرف رجسٹرڈ طلبہ کو ہی بٹھاناہوگا۔انہوں نے آرٹی او کو ہدایت دی کہ محفوظ ڈرائیونگ اور ڈرائیورس کے لئے دیگر سلامتی سے متعلق مسائل پر تربیت فراہم کی جائے۔ا سکولس کے حکام کو چاہئے کہ وہ ڈرائیورس کے پس منظر کی بھی جانچ کرلیں اور یہ بھی پتہ لگائیں کہ اس کے پاس مستند ڈرائیونگ لائسنس ہے۔بارش کے موسم کے دوران ڈرائیورس کو عجلت نہیں کرنی چاہئے اور نہ ہی دیگر گاڑیوں کے ساتھ مسابقت کرنی چاہئے۔ ڈرائیورس کو چاہئے کہ بغیر کسی تاخیر کے بچوں کو بس میں بٹھاتے ہوئے انہیں چھوڑیں۔اسکولوں اور ڈرائیورس کو چاہئے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران طلبہ کے پتہ ' فون نمبرات اور دیگر تفصیلات بھی اپنے ساتھ رکھیں۔بارش کے موسم کے دوران بروقت اسکول تک رسائی ممکن نہیں ہے۔ اسکول حکام تیز گاڑی چلانے کے لئے ڈرائیورس کو مجبور نہ کریں۔ ا نہو ں نے ہائی وے حکام کو ہدایت دی کہ وہ اسکولس کے قریب سگنل بورڈس نصب کریں اور غلط سائیڈ پر گاڑی چلانے وا لوں کے خلا ف کارروائی کریں۔ساتھ ہی ہائی وے پٹرولنگ پولیس سڑک کے قواعد پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کریں۔ تمام اسکولس کے حکام کو چاہئے کہ ہر تین ماہ ایک مرتبہ بچوں کی سلامتی کی کمیٹی کی میٹنگ طلب کرے۔اس میٹنگ کے دوران والدین ' اسکول حکام اور ڈرائیورس کو چاہئے کہ وہ طلبہ کی سلامتی کے لئے کئے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کریں۔انہو ں نے کہا کہ بچوں کی سلامتی کے اقدامات ' ان کے حقوق ' پی او ایس سی او کی بنیاد پر کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں تمام ڈسٹرکٹ ' سرکاری اور پرائیویٹ اسکولس کا معائنہ کیا جائے گا۔